مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لانی ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نواز شریف کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وجوہات اور معاشی مجبوریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سےمتعلق نوازشریف کو اعتماد میں لیا ، نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مشکلات میں کمی ہونی چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مہنگائی کے اس دور میں وفاق اور پنجاب حکومت کی ایک ہی پالیسی ہونی چاہیے کہ غریب طبقے کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے اور ریلیف کے اقدامات تیز کیے جائیں۔
نواز شریف نے کہا مہنگائی کو کنٹرول کیے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں، حکومت کو انتظامی سطح پر سخت فیصلے کر کے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لانی ہوں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور دونوں رہنماؤں نے انتخابات میں کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم اور سیاسی حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی قائد کو اعتماد میں لیا۔
ملاقات میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام پر بھی بات چیت ہوئی، وزیراعظم نے نواز شریف کو ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی “پس پردہ” سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






