عوام کیلئے خوشخبری یا چیلنج؟ ہاؤسنگ لون پروگرام میں بڑی تبدیلیاں

اسلام آباد :   حکومت کی جانب سے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کی نئی حکمت عملی کے تحت 5 لاکھ ہاسنگ لون کے ہدف کیلئے ملٹی چینل اپروچ پر غور جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مختلف اہم منصوبوں اور ضمنی گرانٹس کی منظوری پر غور کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کی نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا، جبکہ 5 لاکھ ہاسنگ لون کے ہدف کے حصول کے لیے ملٹی چینل اپروچ زیر بحث آئی۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری، نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس منصوبے اور دانش اسکول کری اسلام آباد کے لیے 35 کروڑ روپے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل رہی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے لیے 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز، جبکہ ثقافتی اخراجات پورے کرنے کے لیے مزید فنڈز کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پالیسی کے دوسرے مرحلے کے آغاز، وزیراعظم آفس کے لیے 47 کروڑ 90 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ، اور داخلہ ڈویژن کی جانب سے مختلف فنڈز کی سمریوں کی منظوری بھی زیر غور آئی۔مزید برآں جدید پاسپورٹ سسٹم (آئی ایم) کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی کے لیے گیس فراہمی کے معاملے پر پیٹرولیم ڈویژن پاکستان نے بریفنگ دی۔اجلاس میں توانائی اور صنعتی شعبے سے متعلق اہم امور پر بھی غور کیا گیا، اور متعلقہ حکام کو مزید پیشرفت کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close