لاہور میں اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر آٹا نایاب ہو گیا ہے، جبکہ 10 اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 1050 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کی قیمت بڑھ کر 2100 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل 10 کلو آٹے کا سرکاری نرخ 910 روپے اور 20 کلو کا 1810 روپے مقرر تھا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق لاہور میں روزانہ تقریباً 2 لاکھ آٹے کے تھیلوں کی طلب ہے، جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری آٹا دستیاب نہیں رہا۔
فلور ملز پہلے سرکاری گندم حاصل کرنے کے بعد 10 اور 20 کلو کے تھیلے سرکاری قیمت پر فراہم کرتی تھیں، تاہم موجودہ صورتحال میں شہریوں کو آٹا مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






