گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے خطرے کے باعث یہ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگی۔
اس دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں عام طور پر دیکھی جاتی ہیں، تاہم یہ صورتحال گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہاؤ اور سیلاب کے خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔
حکام نے برفانی وادیوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ مقامی ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازیں جیسے پتھروں کے ٹکرانے کی صورت میں فوری احتیاط کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مویشیوں اور ضروری اشیاء کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






