سستی بجلی کا منصوبہ ، صارفین کے لئے بڑی خبر

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی گرڈ کے ذریعے سستی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کا جامع منصوبہ پیش کرتے ہوئے گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈنمارک کی سفیر مایا دیروس مورٹنسن نے سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی پائیداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ کم لاگت بجلی کی پیداوار اور اپنی ٹرانسمیشن کمپنی کے ذریعے سستی اور مؤثر ترسیل کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق مقصد کارکردگی بہتر بنا کر اور لائن لاسز کم کر کے گھریلو اور صنعتی صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے، جس سے عوام کو براہِ راست ریلیف اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ خصوصاً پسماندہ اور صنعتی علاقوں کو بلاتعطل اور کم لاگت بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

انہوں نے صوبے میں قابلِ تجدید توانائی کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں، جبکہ ونڈ کوریڈور اور متعلقہ منصوبوں کی ترقی سندھ کو صاف توانائی کا علاقائی مرکز بنا سکتی ہے۔

انہوں نے ڈنمارک کی کمپنیوں کو ہوا سے بجلی اور دیگر گرین انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈنمارک کی سفیر مایا دیروس مورٹنسن نے سندھ کے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے خصوصاً ونڈ انرجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔

بعد ازاں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کیٹی بندر کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ سندھ حکومت اس تاریخی بندرگاہ کو جدید گہرے سمندر کی بندرگاہ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ کراچی کی موجودہ بندرگاہوں پر دباؤ کم ہو اور نئی معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کیٹی بندر ایک بڑے معاشی اور علاقائی تجارتی مرکز میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی ترقی میں دلچسپی رکھنے والے ڈینش سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈنمارک کی سفیر نے بھی کیٹی بندر کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ترقی علاقائی تجارت اور روابط کو نمایاں طور پر فروغ دے سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close