سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی حراست کے بعد رہا ہو گئے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ، سابق سینیٹر مشتاق احمد خان گلوبل سمود فلوٹیلا سے اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی حراست کے بعد رہا ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل سمود فلوٹیلا پر سوار دیگر انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار کے مطابق یونانی حکام نے کریٹ، یونان میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی سہولت کاری کی، جس پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے ترکیہ کی قیادت اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ استنبول منتقلی اور پاکستان واپسی کے انتظامات میں ان کا تعاون قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے کے مؤثر اور بروقت ردعمل کو سراہا جاتا ہے۔ اسحاق ڈار نے غزہ کے محصور عوام کے لیے بھیجی جانے والی انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنے کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ فلوٹیلا پر سوار انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست ایک قابل مذمت اقدام ہے۔ پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کی غیر متزلزل اور مستقل حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close