ایک اور بُری خبر، پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز بھی مہنگے ہوگئے

اسلام آباد: ایف بی آر نے پرانے اور استعمال شدہ فونز کی کسٹم ویلیو بڑھا دی ، جس سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے اسمارٹ فونز کا حصول مشکل ہوگیا۔

 

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمدی ویلیو میں بھاری اضافہ کر دیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے نئی ویلیو ایشن رولنگ جاری کرتے ہوئے پرانی رولنگ کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کمرشل بنیادوں پر درآمد ہونے والے استعمال شدہ فونز مہنگے ہو جائیں گے۔ایف بی آر نے 62 مختلف موبائل فون ماڈلز کی نئی کسٹم ویلیومقررکردی، نئی رولنگ میں سب سے زیادہ اضافہ گوگل پکسل فونز کی ویلیو میں دیکھا گیا ہے، گوگل پکسل 5، 6 اور 6 اے (6A) ماڈلز کی ویلیو میں 161 سے 194 فیصد تک کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

اس اضافے کے بعد ان ماڈلز کی درآمدی قیمت اور پی ٹی اے ٹیکسز میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا، جس کا براہِ راست بوجھ صارفین پر پڑے گا۔سام سنگ اور ایپل کے مختلف ماڈلز کے لیے بھی نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔سام سنگ گلیکسی S21، S22 اور پرانی S10 سیریز سمیت مڈ رینج فونز کی ویلیو بڑھا دی گئی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے فلیگ شپ ماڈلز کی ویلیو میں پرانے ماڈلز کے مقابلے میں کم اضافہ کیا گیا ہے۔

 

 

ایپل کے فونز کی ویلیو میں مجموعی طور پر معتدل اضافہ ہوا ہے، آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو میں تقریبا 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم پرانے آئی فون ماڈلز اور SE سیریز کی ویلیو میں دیگر کے مقابلے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔ایف بی آر نے مختلف برانڈز کے مجموعی طور پر 62 موبائل فون ماڈلز کی نئی کسٹم ویلیو مقرر کی ہے، نئی ویلیو ایشن کا اطلاق خاص طور پر ان استعمال شدہ فونز پر ہوگا جو کمرشل بنیادوں پر درآمد کیے جاتے ہیں۔پرانی رولنگ ختم کر کے نئی قیمتیں مقرر کرنے کا مقصد کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کو موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق بنانا ہے۔

 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ملک میں سستے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی قیمتوں میں اچانک اضافہ متوقع ہے، جس سے کم آمدنی والے طبقے کے لیے اچھے اسمارٹ فونز کا حصول مشکل ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close