71 افراد پر مشتمل ایرانی وفد میں کون کون شامل ہے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: ایران کے امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات کے لیے پاکستان آنے والے وفد کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس کے مطابق ایرانی وفد 71 افراد پر مشتمل ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس وفد میں صرف مذاکرات کار ہی نہیں بلکہ تکنیکی ماہرین، مشاورتی کمیٹیاں، سیکیورٹی اہلکار اور میڈیا نمائندگان بھی شامل ہیں، تاکہ حساس اور پیچیدہ مذاکرات میں ہر پہلو سے رہنمائی اور معاونت حاصل کی جا سکے۔

وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس میں اہم رکن کے طور پر شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے یہ مذاکرات انتہائی حساس نوعیت کے ہیں، اسی لیے وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے جو مختلف امور پر فوری مشاورت فراہم کریں گے۔

دوسری جانب امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی 15 نکاتی تجویز زیر غور ہے، جس میں ایران سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی، افزودہ یورینیم کی حوالگی، دفاعی صلاحیتوں پر ممکنہ پابندیاں اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے جیسے نکات شامل ہیں۔

یہ مذاکرات خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close