شہر قائد کے بڑے آتشزدگی واقعات میں سے ایک، سانحہ گل پلازہ، کی جوڈیشل انکوائری مکمل ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، رواں برس 17 جنوری کو ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی انکوائری مکمل کر لی ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن اپنی انکوائری رپورٹ 7 اپریل تک سندھ حکومت کو پیش کرے گا۔ اس سلسلے میں کمیشن نے خط لکھ کر سیکرٹری قانون کو 7 اپریل کو طلب کیا ہے۔ کمیشن سیکرٹری قانون کو سیل شدہ رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ بھی حوالے کرے گا۔
جوڈیشل کمیشن نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے، اور اب رپورٹ عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا اختیار حکومت سندھ کے پاس ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ کے تین ہفتے بعد، 10 فروری کو، اس کی عدالتی تحقیقات کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا تھا۔ حکومت سندھ نے جوڈیشل کمیشن کو تحقیقات کے لیے 8 ہفتوں کی مہلت دی تھی۔
گل پلازہ آتشزدگی میں تقریباً 80 افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ دکانداروں کو اربوں روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






