اپنی چھت اپنا گھر’ اسکیم میں درخواست دینے والوں کے لئے اہم خبر

خیبر پختونخوا حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام “اپنی چھت اپنا گھر” کو شدید دھچکا لگا ہے کیونکہ عالمی بینک کی جانب سے قرض کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، صوبے کا یہ فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام اہداف پورے نہ ہونے کے سبب عالمی بینک کی جانب سے 25 ارب روپے (تقریباً 90 ملین ڈالر) کے قرض کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ اس فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے صوبے بھر میں سستے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق ورلڈ بینک کی جانب سے ‘ڈسبرسمنٹ لنکڈ رزلٹس’ (DLR) سسٹم کے تحت جاری ہونے والی رقم درج ذیل وجوہات کی بنا پر جاری نہیں ہو سکی۔ سال 2024 کے لیے مختص 44 ملین ڈالر کے اہداف پورے نہ ہونے کی وجہ سے یہ رقم ابھی تک موصول نہیں ہو سکی، جبکہ رواں مالی سال کے لیے مختص مزید 52 ملین ڈالر کی رقم بھی التوا کا شکار ہے، جس سے منصوبے کی رفتار مزید سست ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کی راہ میں کئی بڑی رکاوٹیں موجود ہیں، جن میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے مطلوبہ زمین کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے ماحولیاتی منظوریوں میں تاخیر نے تعمیراتی کام کی رفتار کو متاثر کیا ہے۔

دستاویزات میں خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کی محدود ادارہ جاتی صلاحیت کو بھی منصوبے کی تکمیل میں بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک انتظامی کارکردگی میں بہتری اور منظوریوں کے عمل کو تیز نہیں کیا جاتا، کم آمدنی والے طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی کا خواب پورا ہونا مشکل نظر آتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ اسکیم صوبے بھر میں گھروں کی قلت کو دور کرنے اور شہریوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کے حکومتی عزم کے تحت شروع کی گئی تھی، تاہم حالیہ مالی بحران نے اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close