گیس کے بڑے بحران کا خدشہ ، الرٹ جاری

کراچی میں ممکنہ گیس بحران کے پیش نظر ایس ایس جی سی نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے رہائشیوں کے لیے گیس کی فراہمی سے متعلق ایک تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کو فراہم کی جانے والی گیس کی سپلائی میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی شدید قلت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کمپنی کو گیس فراہم کرنے والی دو اہم گیس فیلڈز میں اچانک فنی مسائل پیدا ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں سسٹم میں آنے والی گیس کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور گیس پریشر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کمپنی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ دستیاب گیس کو ضرورت کے مطابق تقسیم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اس غیر متوقع قلت کو جلد از جلد دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔”

اس تکنیکی خرابی کے باعث کراچی کے گنجان آباد علاقوں میں کھانا پکانے کے اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے یا مکمل بندش کا امکان ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کا استعمال صرف ناگزیر ضرورت کے تحت کریں جب تک کہ سپلائی مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close