لاہور: تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایندھن کے بحران اور معاشی دباؤ کے باعث بند کیے گئے تمام تعلیمی اداروں کو یکم اپریل سے دوبارہ باقاعدہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ اب تمام کلاسز فزیکل ہوں گی اور کسی بھی قسم کے آن لائن یا ہائبرڈ نظام کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو ہفتے میں پانچ دن باقاعدہ تدریسی عمل جاری رکھنا ہوگا اور تین یا چار دن اسکول کھولنے کی کوئی تجویز قابل قبول نہیں ہوگی۔
وزیر تعلیم نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں تاکہ تعطیلات کے دوران ہونے والے تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے 9 مارچ کو صوبے بھر کے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
طلبہ نے 10 مارچ سے 31 مارچ تک تقریباً 20 روز کی تعطیلات گزاریں، جس دوران تعلیمی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی گئی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






