کوئٹہ: دو مقامات پر دہشتگردی کی کوشش ناکام، ایف سی اور پولیس کا بھرپور جواب

معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشتگردوں کی دو مقامات پر دہشتگردی کی کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔

بابر یوسفزئی کے مطابق، دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، بشمول ایف سی اور پولیس، نے بھرپور کارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب کے بعد فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد فرار ہو گئے اور اس دوران معصوم شہریوں پر فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کے حملوں میں پانچ شہری معمولی زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

معاون برائے داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت کے ٹکڑوں پر پلنے والے دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم اور آقا کی خوشنودی کے لیے معصوم بلوچ عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ تمام سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں اور پورے بلوچستان میں مکمل امن قائم ہے۔ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کو ہر قیمت پر محفوظ بنائے گی۔ انہوں نے شہریوں اور میڈیا کے دوستوں سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں کیونکہ پولیس، ایف سی سمیت تمام ادارے شہریوں کی خدمت میں ہمہ وقت حاضر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close