وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چینی قیادت کو ”ٹو سیشنز” کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور یوم پاکستان کے موقع پر تہنیتی پیغامات بھیجنے پر چینی صدر اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ زراعت، صنعت اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پر حکومت کی بھرپور توجہ مرکوز رہے گی۔
چینی سفیر نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی معاشی اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن اور ترقی کی ضامن ہے۔ فریقین نے اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






