پی ٹی اے کیجانب سے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی کے لائسنس جاری

پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروس 5 جی کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کئے ہیں، لائسنس کے اجرا کے بعد تینوں کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق بڑی ٹیلی کام کمپنیاں مرحلہ وار سروس شروع کر رہی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق زونگ اور جاز آج سے ہی 5 جی سروسز کا آغاز کر دیں گی، جبکہ یوفون چند روز بعد اس سروس کو متعارف کرائے گی۔

فائیو جی سپیکٹرم کے لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 90 کی دہائی کے اوائل میں ہوا،2004 سے 2025 تک سپیکٹرم کے حوالے سے چار نیلامیاں کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 480 میگا ہرٹز کی شفاف انداز میں نیلامی اور لائسنس اجرا کیا گیا، پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو چھوٹا رکھا گیا، پاکستان میں پہلی مرتبہ 5 جی سروس متعارف کرائی گئی ہے، کامیابی وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر 4 جی سروسز فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بھی رابطے میں ہیں، اور صارفین کو جلد ہی اپنے موبائل فونز پر سافٹ ویئر اپڈیٹ کے پیغامات موصول ہوں گے تاکہ وہ 5 جی سروس سے استفادہ کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close