کراچی میں حالیہ بارش کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، جبکہ چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں کم از کم 60 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک کے مطابق ایک عمارت کی دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گر گئی، تاہم یہ رہائشی عمارت نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور سرچ و ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں ہلاک ہونے والے افراد کے نشے کے عادی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو بارش سے بچنے کے لیے عمارت میں جمع ہوئے تھے۔
دیگر واقعات میں لانڈھی اور مجید کالونی میں دیوار گرنے سے ایک خاتون اور ایک مرد جاں بحق ہوئے، جبکہ ملیر ندی یارو گوٹھ اور شاہ لطیف ٹاؤن کے مرغی خانہ کے قریب آسمانی بجلی گرنے کے دو الگ واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے، جہاں ریسکیو ٹیمیں اب بھی مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اسی طرح کورنگی ساڑھے 3 میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور کورنگی نمبر 5 میں درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
بارش کے دوران پیش آنے والے دیگر واقعات میں کم از کم 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ تمام لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
شدید ہوا اور بارش کے باعث مائی کولاچی پر ایک بل بورڈ گر گیا، جبکہ شارع فیصل پر کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
ادھر نیو ملیر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارش شروع ہوتے ہی علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






