گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان موٹرسائیکل سواروں کے لیے عیدالفطر تک مفت پیٹرول فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کو عید تک 3 لیٹر پیٹرول مفت فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل یا پرسوں وہ شہر کے کسی بھی پیٹرول پمپ پر اچانک جائیں گے اور اس وقت پمپ پر موجود موٹرسائیکل سواروں کو مفت پیٹرول بھر کر دیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے عید کا تحفہ ہو گا جو مہنگائی کے اس دور میں ہزار روپے کا پیٹرول نہیں خرید سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خطہ حالت جنگ میں ہے، دعا کریں کہ امن قائم ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر جنگ طویل ہوئی تو پیٹرول اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھیں گی اور وزیراعظم شہباز شریف کے کفایت شعاری پلان پر عمل کرنا ہو گا۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی بتایا کہ گورنر ہاؤس میں آخری عشرے کی تمام افطار پارٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاہم شہریوں کے لیے ‘امید رمضان’ دسترخوان بدستور جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور مہمان اپنی تمام افطار مصروفیات بھی منسوخ کر دی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





