گورنر سندھ کون بنے گا؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے تقرری کی سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان آصف علی زرداری کو بھجوا دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں بطور گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

صدر پاکستان کی جانب سے سمری پر دستخط ہوتے ہی ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ نہال ہاشمی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے اور وہ طویل عرصے سے پارٹی کے وفادار اور سرگرم رہنما رہے ہیں۔ ان کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کو صوبے میں مسلم لیگ ن کے سیاسی اثر و رسوخ کو بڑھانے اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close