عید پر ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے افسران و ملازمین کو بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کے ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ اور ریگولر افسران و ملازمین کو بونس دیا جائے گا۔

لیسکو نے بونس کی ادائیگی کے لیے کیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھجوا دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری ملنے پر افسران و ملازمین کو ایک بنیادی تنخواہ بطور بونس ادا کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ سزا یافتہ اور زیر التواء انکوائریوں والے افسران و ملازمین کو یہ بونس نہیں دیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے عیدالفطر سے قبل بڑی خوشخبری سناتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اس فیصلے کا مقصد عید کی خوشیوں میں ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

پنجاب کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو رواں ماہ کی تنخواہ عید کی تیاریوں کے لیے 16 مارچ کو ادا کر دی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ پنشنرز کو بھی ان کی ادائیگیاں اسی تاریخ (16 مارچ) کو کر دی جائیں گی تاکہ ریٹائرڈ افراد کو بھی کسی مالی تنگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ ملازمین کو اس ماہ کے شروع میں پہلے ہی فروری کی تنخواہ مل چکی ہے، جس کا مطلب ہے کہ مارچ کے مہینے میں انہیں دو بار ادائیگیاں وصول ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ 19 مارچ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان کم ہے، جس کا مطلب ہے کہ رمضان کے 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے۔ قوی امکان ہے کہ چاند 20 مارچ کو نظر آئے گا اور عیدالفطر 21 مارچ (ہفتہ) کو منائی جائے گی۔ تاہم حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close