محکمۂ موسمیات نے ملک کے جنوبی علاقوں کے لیے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 16 فروری کو ایک کمزور موسمی نظام پاکستان کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات مختلف علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 اور 17 فروری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن اور پشین سمیت شمالی بلوچستان کے متعدد شہروں میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح 17 فروری کو کراچی، گوادر، پسنی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور سکھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 16 فروری کی رات سے 17 فروری تک وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں اس دوران ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






