وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری افسران اور ملازمین کی جانب سے رہائش (اکاموڈیشن) ہائر کرنے کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئی پالیسی کو تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو عملدرآمد کے لیے باضابطہ طور پر سرکولیٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات فیاض الحق کی جانب سے آفس میمورنڈم بھی جاری کیا گیا ہے۔
آفس میمورنڈم میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے لیے اکاموڈیشن کی ہائرنگ اپنے مختص کردہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے انجام دیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اخراجات پر قابو پانا اور رہائشی سہولتوں کے حصول کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کے تحت مختلف وزارتوں اور اداروں کو اپنے ملازمین کی رہائش سے متعلق معاملات میں زیادہ انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی، جس سے فیصلوں میں تاخیر کم ہوگی اور ملازمین کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
حکام کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق گریڈ ایک سے لے کر گریڈ بائیس تک کے تمام سرکاری ملازمین پر ہوگا۔ اس اقدام سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رہائشی سہولتوں کی فراہمی کا نظام مزید منظم اور تیز رفتار ہو جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد شفافیت، سہولت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری وسائل کا بہتر اور مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






