خیبرپختونخوا میں جعلسازی کے ذریعے ہزاروں اسلحہ لائسنس جاری

خیبرپختونخوا میں جعلسازی کے ذریعے ہزاروں اسلحہ لائسنس جاری،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا میں جعلی اتھارٹی لیٹرز پر نائن ایم ایم، 30 بور، شاٹ گن اور جی تھری کے ہزاروں اسلحہ لائسنس جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی اسلحہ لائسنس برانچ میں مبینہ جعلی اتھارٹی لیٹرز پر ہزاروں لائسنس جاری کیے جانے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔ذرائع کے مطابق سال 2023 سے پہلے مختلف سرکاری اداروں کے جعلی ملازمین کو لائسنس جاری کیے گئے جب کہ مینول کاپی کو ڈیجیٹل کارڈ میں تبدیل کرنے کے عمل میں بھی جعل سازی کی گئی۔ ذرائع محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ 9 ایم ایم، 30 بور، شارٹ گن اور جی تھری جیسے اسلحہ کے لائسنس جاری کیے گئے جس سے صوبائی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈیٹا بیس میں شناختی کارڈ نمبر تبدیل کر کے بغیر فیس ڈبل لائسنس بھی نکالے گئے اور درخواست گزاروں سے رشوت لی گئی، اس کے علاوہ حساس اداروں کے نام پر بھی جعلی دستاویزات پر لائسنس جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔جیونیوز سے گفتگو میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید نے بتایا کہ پرانے مینول سسٹم میں جعل سازی کی شکایات موصول ہوئی ہیں، مشکوک اتھارٹی لیٹرز تصدیق کیلئے متعلقہ اداروں کو بھیجے جا رہے ہیں اور تمام پرانے ریکارڈ کی جانچ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ 2024 میں لائسنسنگ سسٹم ڈیجیٹائز کیا گیا ہے جس میں جعل سازی کی گنجائش نہیں، جعلی لیٹرز یا انٹریز ثابت ہونے پر لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close