پشاور (پی این آئی) صوبہ خیبرپختونخواہ میں 2 سال سے ایک ہی جگہ تعینات سرکاری ملازمین کے تبادلوں کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے دو سال سے ایک ہی جگہ پر تعینات سرکاری ملازمین کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کردیئے، جن کے تحت چیف سیکریٹری نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت جاری کردیں، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ 2 سال سے زائد عرصہ سے ایک ہی جگہ پر تعینات ملازمین کی فہرستیں تیار کی جائیں اور ان کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے جائیں۔
بتایا گیا ہے کہ گریڈ 17 سے اوپر والے افسران کے تبادلے کے لیے سیکریٹری انتظامی امور کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تبادلوں کے عمل کو یقینی بنائے گی، ترقی و منصوبہ بندی اور سی اینڈ ڈبلیو میں کئی اہم پوسٹوں پر 12 سالوں سے تعینات ملازمین کے بھی جلد تبادلوں کا امکان ہے جب کہ محکمہ پی اینڈ ڈی، بلدیات، خزانہ، آبپاشی اور سی اینڈ ڈبلیو کے ملازمین نے ان احکامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور چیف سیکریٹری کے احکامات کے بعد 2 سال سے زائد عرصے سے اہم آسامیوں پر تعینات ملازمین میں نے تبادلوں سے بچنے کے لیے تگ و دو کا آغاز کردیا۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی سمیت سب کے تمام غیر قانونی مقدمات واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد انعام یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں جس کے خلاف بھی غیر قانونی ایف آئی آرز ہیں، انہیں واپس لیا جائے گا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایات دی ہیں کہ پورے صوبے کے غیر قانونی اور سیاسی مقدمات واپس لیے جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں