پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کو کون لیڈ کرے گا؟

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 24 نومبر سے شروع ہونے والی ہماری تحریک ایک دن کی نہیں ہوگی۔

سلمان اکرم راجہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک میں تحریک انصاف کی قیادت موجود ہوگی، اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ بشریٰ بی بی احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی، ان کا تنظیمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا، اس لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کے ذریعے پیغام بھیجا جو ہم تک پہنچ گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا مشورہ ہمیشہ شامل رہتا ہے، میں جیل میں جاکر ان سے اور یاسمین راشد سے ملاقات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری دیگر سیاسی پارٹیوں سے بھی بات چیت جاری ہے اور محمود اچکزئی بھی جلد نظر آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج کے کچھ حصے جاری کیے ہیں، پوری ویڈیو جاری کی جائے، پھر اگر ہمارا کوئی کارکن اس میں ملوث نکلتا ہے تو اسے ضرور سزا دی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں