بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی پر جرمانہ عائد کردیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)راولپنڈی ٹیسٹ میں محمد رضوان پر بال پھینکنے پر بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے 4 دنوں کے دوران مثبت انرجی دکھائی دی لیکن آخری دن ایک ناخوشگوار لمحہ دیکھنے میں آیا۔پانچویں دن پاکستان کی اننگز کے دوران جب پاکستان کا اسکور 103 رنز پر 4کھلاڑی آؤٹ تھا اور 33 ویں اوور میں شکیب الحسن کو اوور کی دوسری گیند کرانا تھی تو بنگلادیشی آل راؤنڈر گیند کرانے کے لیے آئے لیکن رضوان کھیلنے کے لیے تیار نہ تھے تو شکیب الحسن نے غصے میں گیند رضوان کی جانب پھینکی، محمد رضوان سیٹ ہو ہی رہے تھے کہ وہ بنگلادیش کے وکٹ کیپر لٹن داس سے گفتگو میں مصروف ہوگئے اور پھر جیسے ہی تیار ہونے لگے شکیب نے رضوان کی جانب گیند پھینک دی۔

ساتھ ہی امپائر بھی شکیب سے کچھ کہتے دکھائی دیے، بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ امپائر سے اپنے کیے کی معذرت کررہے ہیں۔اب میچ ریفری کی جانب سے بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر آئی سی سی ضابطہ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائدکیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی مل گیا ہے۔میچ ریفری کے مطابق شکیب الحسن نے اپنا جرم اور سزا کو قبول کرلیا ہے اس لیے اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں