لاہور( پی این آئی)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ رات بارش سے کراچی ڈوب گیا جس کے نتیجے میں پی پی کی کارکردگی سامنے آ گئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسائل کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں، بارش میں شہر ڈوبا ہوا تھا، کے پی اور لاہور میں بارش ہوتی ہے، زندگی چلتی رہتی ہے، یہاں بارش میں زندگی رک جاتی ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے بلدیاتی نمائندے رات بھر سڑکوں پر موجود رہے، ہمارے ٹاؤن کے نمائندوں نے بہت سے علاقوں کو کلیئر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ منصوبوں میں 70 فیصد کرپشن ہوتی ہے، 30 فیصد میں کیا کام ہو گا؟ رات شہر میں 52 ملی میٹر بارش ہوئی، شہر ڈوب گیا، جس سے پی پی کی کارکردگی سامنے آ گئی، پی پی اربوں روپے الیکشن مہم پر لگا رہی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ پوری شارعِ فیصل ڈوبی ہوئی تھی، رات تین تین بجے تک لوگ اپنے گھر پہنچے، کے ایم سی نے ذمےداری ادا نہیں کی، البتہ ہمارے چیئرمین اور کونسلر سڑکوں پر موجود رہے، جو ہدایت سے پہلے ہی سڑکوں پر کھڑے تھے۔انہوں نے کہا کہ میئر سارے اختیارات کے ساتھ ہیں، جو شہریوں پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، صوبائی ادارے بھی انہیں کے ہیں، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے ساتھ جرم میں شریک ہے، جس نے مینڈیٹ وڈیروں کو بیچا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں