عمران خان کتنے حلقوں سے الیکشن لڑنے والے ہیں؟ کاغذات نامزدگی پر دستخط کر دیے

راولپنڈی (پی این آئی) عمران خان نے اڈیالہ جیل میں کاغذات نامزدگی پر دستخط کردیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کاغذات نامزدگی بانی پی ٹی آئی کے وکیل رائے محمد علی اڈیالہ جیل لے کرگئے تھے۔ عمران خان نے میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رائے محمدعلی کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ نےکاغذات نامزدگی چھینے اور7 گھنٹے بعد ہمارے حوالےکیے۔دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی برقرار ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ مکمل طور پر معطل کرنے کی متفرق درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کی الیکشن میں شرکت سوالیہ نشان ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا ہی نہیں کی تھی ، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا ، قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں۔ادھر لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل (جمعہ) تک ملتوی کردی ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے حسان نیازی کی والدہ کی جانب سے حسان نیازی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر درخواست پرسماعت کی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کا شیڈول جاری ہوگیا ہے،حسان نیازی نہ نااہل ہوئے ہیں اور نا سزا یافتہ ہیں۔ تاہم حسان نیازی کو عدالت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پراسیس مکمل کرنے کی اجازت دے ،عدالت نے درخواست وکیل سے استفسار کیا کہ کیا حسان نیازی کو سزا ہوچکی ہے،جس پر درخواست گزارکے وکیل نے کہا کہ حسان نیازی کا ٹرائل چل رہا ہے ابھی وہ نااہل نہیں ہوئے،عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں