ورلڈ کپ 2023فائنل میچ، کونسا بھارتی کھلاڑی آسٹریلیا کیلئے خطرناک ہوگا؟ آسٹریلین کپتان نے نام لے لیا

احمد آباد(پی این آئی) آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ورلڈ کپ فائنل میچ میں بھارتی باولر محمد شامی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنی ٹیم کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد شامی بہت اچھا کھیل رہے ہیں، ان کی گیندبازی شاندار ہے۔ورلڈ کپ فائنل سے قبل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی کارکردگی پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھی رہی ہے، بھارت بہت اچھی ٹیم ہے لیکن ہم بھی بہتر کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان نے اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں سٹیڈیم میں بیٹھے 1 لاکھ 30 ہزار بھارتی شائقین کو خاموش رکھنے کے لیے انہیں بھارت کے خلاف اپنا بہترین کھیل دکھانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے کہ ہجوم یکطرفہ ہو گا، لیکن اس سے زیادہ اطمینان بخش کوئی بات نہیں ہے کہ وہ خاموش رہیں اور کل ہمارے لئے یہی ہدف ہے، آپ کو فائنل کے ہر موقع کا فائدہ اٹھانا ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ ’’ ہم فائنل کھیلنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں، ہم جانتے ہیں شائقین کی حمایت نہیں ہوگی لیکن اس کے لیے ہم تیار ہیں اور اس بات کو خوشی خوشی قبول کرتے ہیں‘‘۔آسٹریلوی کپتان نے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ بس اتنا جان لیں کہ فائنل کے دن کو بغیر کسی افسوس کے ختم کرنا ہے‘‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں