اسلام آباد، 14 مئی اتوار شام 4 بجے عمران خان کی کال پر 101 مقامات پر اجتماعات کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے کہاہے کہ 14 مئی بروز اتوار شام 4 بجے چئیرمین عمران خان کی کال پر 101 مقامات پر پرامن اجتماعات منعقد کرینگے،اسلام آباد انتظامیہ آئین کی بالادستی کے پیش نظر ان عوامی اجتماعات کی سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائے،پاکستان تحریک انصاف گزشتہ ایک سال میں 150 بڑی پرامن سیاسی سرگرمیاں کرچکی ، دارالحکومت میں ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا، ہم آئین، چیف جسٹس اور عدلیہ سے اظہاریکجہتی کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا 14 مئی کو اسلام آباد میں آئین،چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کے لئے 101 مقامات پر بڑے عوامی اجتماعات کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کو بذریعہ خط باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔ علی نواز اعوان نے خط میں کہا کہ تحریک انصاف 14مئی بروز اتوار شام 4 بجے آئین،چیف جسٹس اور عدلیہ اظہار یکجہتی کیلئے 101 مقامات پر پرامن اجتماعات منعقد کریگی،دستورِمملکت اپنے آرٹیکل 15،16،17 اور 19 کے ذریعے شہریوں کو نقل وحرکت،اجتماع، اظہار اور ایسوسی ایشن کے بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس اپنے فیصلوں میں سول انتظامیہ کو عوام کے بنیادی حقوق متاثر کئے بغیر امور سرانجام دینے کا پابند کرچکی ہیں، تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حال ہی میں بنیادی حقوق کے حوالے سے واضح ہدایات دیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد گزشتہ ایک سال میں کم وبیش 150 بڑی پرامن سیاسی سرگرمیاں کرچکی ہے،تحریک انصاف اسلام آباد کی جانب سے کی گئی ان 150 بڑی سرگرمیوں کے نتیجے میں دارالحکومت میں ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا، ہم آئین، چیف جسٹس اور عدلیہ سے اظہاریکجہتی کا مکمل حق رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 14مئی بروز اتوار شام 4 بجے چئیرمین عمران خان کی کال پر 101 مقامات پر پرامن اجتماعات منعقد کرینگے،اسلام آباد انتظامیہ آئین کی بالادستی کے پیش نظر ان عوامی اجتماعات کی سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close