کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ تھانہ بریگیڈ میں درج کیا گیا۔مقدمے میں سیکیورٹی اداروں کے خلاف منافرت پھیلانے کی دفعات شامل ہیں۔گذشتہ ہفتے شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں مقدمہ درج کیا گیا۔۔پولیس حکام کے مطابق شہباز گل نے کوئٹہ آنے کی حامی بھر لی۔
شہباز گل کو طلب کیا گیا اگر وہ نہیں آتے تو گرفتار کریں گے۔شہباز گل کے کوئٹہ نہ آنے کی صورت میں ٹیم گرفتاری کے لیے اسلام آباد جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے خلاف قلعہ عبداللہ بلوچستان میں عزیز اللہ اچکزئی کی مدعیت میں پرچہ درج ہوا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شہباز گل کی طرف سے حساس اداروں کے افسران کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کی اور شہباز گل کے بیانات ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مترادف ہیں، اس لیے شہباز گل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی درخواست ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا، اعظم سواتی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالستار بگٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، عدالت سے کوئٹہ پولیس نے سینیٹر اعظم سواتی کا 10 روزہ ریمانڈ طلب کیا تاہم عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو متنازع ٹویٹ کیس میں بلوچستان پولیس نے گرفتار کیا تھا، بلوچستان پولیس سینیٹراعظم سواتی کو کوئٹہ لے گئی، جہاں اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں رکھا گیا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات کی بنیاد پراعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں