انگلینڈ سے سیریز سے قبل پاکستان کا اہم ترین کھلاڑی انجرڈ ہوگیا

لاہور (پی این آئی ) انگلینڈ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا دھچکا، تشویش ناک انجری کی وجہ سے فخر زمان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ جارح مزاج بلے باز فخر زمان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

 

 

راشد لطیف کے مطابق فخر زمان گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ نہیں کھیل سکیں گے، انہیں بھی شاہین شاہ آفریدی جیسی انجری ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان اگلے دو روز میں کیا جائے گا جب کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے بھی سکواڈ کی لسٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔مہمان ٹیم 15 ستمبر کو پہنچے گی جبکہ قومی سکواڈ 16 ستمبر کو کراچی میں اکٹھا ہوگا۔ سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان دو روز کے اندر متوقع ہے جب کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ بھی 15 ستمبر ہے جس میں توسیع کیلئے تاحال آئی سی سی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ ایشیا کپ میں بیٹرز کی خراب پرفارمنس نے سلیکشن کمیٹی کو انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈکپ کیلئے ایک ہی سکواڈ کے اعلان کیلئے پریشان کر دیا ہے اور پی سی بی تھنک ٹینک مختلف کمبی نیشنز کیلئے سر جوڑ کر بیٹھا ہے۔بیٹنگ لائن اپ کے کمبی نیشن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سکواڈ میں دو وکٹ کیپرز کی شمولیت بھی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا اب تک ری ہیب جاری ہے اور انہوں نے بولنگ کا آغاز کرنا ہے۔

 

 

یہ تمام معاملات تھنک ٹینک کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ سکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ میں توسیع کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرنے اور پھر اجازت ملنے کی صورت میں ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہوگا ورنہ 15 ستمبر کو ریزرو کھلاڑیوں کے ہمراہ ایک ہی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں برس 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں