تازہ ترین

ایشیا کپ، نسیم شاہ کے 2 چھکے، پاکستان نے ایک تیر سے دوشکار کر لیے

دبئی (آئی این پی )متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،پاکستان نے ایک تیر سے دوشکار کرتے ہوئے افغانستان اور بھارت کو فائنل کی دوڑ اور ٹورنامنٹ سے باہرکردیا ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی9 وکٹیں 118رنز پر گر گئی تھیں، بابر اعظم صفر، فخر زمان 5 اور محمد رضوان 20 رنز پر آٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ افتخار 30 اور شاداب خان 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے نسیم شاہ نے مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔پاکستان کی فتح کے بعد سری لنکا بھی سپر فور مرحلے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے آج کے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ابراہیم زادران 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ رحمان اللہ 11 گیندوں پر17، حضرت اللہ زازئی 21 ،کریم جنت 15، نجیب اللہ 10 رنز اور کپتان محمد نبی صفر پر پویلین لوٹے۔اختتامی اوورز میں راشد خان نے 15 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 129 رنز تک پہنچایا۔پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے 2، نسیم شاہ،حسنین، شاداب اور محمد نواز نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔گزشتہ روز ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں بھارت کو سری لنکا نے چھ وکٹ سے شکست دی جس کے بعد سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھا۔تاہم پاکستان ٹیم اگر ہار جاتی تو چاروں ٹیمیں فائنل کی دوڑ میں شامل رہتیں پر اب گروپ میں پاکستان اور سری لنکا کے 2،2 میچز میں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔افغانستان اور بھارت کو مسلسل 2 میچز میں ناکامی ہوئی جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں