اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تحفہ میں دیئے گئے فن پارہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ون کی زینت بنا دیا گیا۔فن پارہ میں کلمہ طیبہ کو دائرے کی شکل میں خط کوفی میں لکھا گیا اور پھر اس فن پارے کی شکل میں تخلیق کیا گیا۔ کلمہ طیبہ اس فن پارے میں چار مرتبہ تحریر کیا گیا ہے۔ اس فن پارے میں لائن اندر سے باہر کی جانب شعاعوں کی مانندہیں اور اس فن پارے کا گول ہونا ہماری زمین کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ فن پارہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اللہ اور اللہ کے رسول حضرت محمد ؐکا پیغام (اسلام)پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور مزید پھیل رہا ہے۔یہ فن پارہ فائبر گلاس سے بنایا گیا ہے اور اس میں پیتل کے ٹکڑے نصب کیے گئے ہیں۔ پیتل کا رنگ سونے کی مانند ہوتا ہے جو کہ اس فن پارے میں علم کی دولت کو ظاہر کرتاہیں۔ اس فن پارے پر کیا گیا سفید رنگ Deco پینٹ ہے جو کہ ہر موسم کی سختی برداشت کر سکتا ہے۔اس فن پارے کا سائز4 × 4 ہے۔ اس فن پارے کو بننے میں 8 ماہ کا وقت لگا۔ اس فن پارہ کو مقامی خطاط ناصر جاوید نے کلمہ طیبہ کو خوبصورت انداز میں تخلیق کیا۔ناصر جاوید نے یہ فن پارہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو بطور تحفہ دیا جسے چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس کی بلڈنگ کے گیٹ نمبر ون پر آویزاں کر دیا گیا ہے۔ آویزاں کیا گیا فن پارہ لوگوں کے لئے مرکز نگاہ بناہوا ہے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں