7لاکھ سے زائد ملازمین و پنشنرز عیدالفطر کسمپرسی میں گزاریں گے، پنجاب ٹیچرز یونین مطالبات لے کر میدان میں آ گئی

لاہور (آئی این پی)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری محمد سرفراز، سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی،امتیاز طاہر، نادیہ جمشید،جام صادق، رانا انوار،راناالطاف،طارق زیدی،ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی، سعید نامدار، افضل کیانی، رحمت اللہ قریشی، عبد الطارق نیازی،رانا طارق، عابد محمود ڈوگر صفدر کالرو، مرزا اختر بیگ، شیکیل احمد چوہدری، منیر انجم و دیگر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سامنے حکومت بے بس نظر آرہی ہے۔ناقابل برداشت مہنگائی نے سرکاری ملازمین و پنشنرز کی زندگیاں اجیرن کر دی ہیں۔

صوبہ پنجاب کے 7لاکھ ملازمین و پنشنرز اپنے بچوں کی خواہشات کا گلہ گھونٹ کر عید الفطر کسمپرسی کے عالم میں گزاریں گے۔ وفاقی اور دیگر صوبوں کے ملازمین کو 15فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کے نوٹیفکیشن جاری ہو چکے ہیں لیکن پنجاب کے 7لاکھ ملازمین و پنشنرز اس سے محروم ہیں اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کے حکم پر 25مارچ کو سیکرٹری فنانس پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافے کی سمری سابقہ کابینہ کو ارسال کی جو تاحال زیر التواء ہے۔لہذا وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس اور پنشنرز کو 10فیصد اضافہ دینے کی سمری جلد از جلد منظور کرکے ملازمین کو مہنگائی کے اژدھے سے بچائیں وگرنہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس عید الفطر کے بعد احتجاجی لائحہ عمل کا اعلا ن کرے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close