ہماری پارٹی میں آنے والوں کو لوٹا نہیں کہا جا سکتا ،وزیراعظم عمران خان کا پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہوگیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کا ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ لوٹوں یعنی سیاسی جماعت تبدیل کرنے والوں سے متعلق بات کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کا ایک پرانا انٹرویو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں دوسری پارٹیاں چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں سے متعلق گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے۔لوٹوں کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ‘لوٹے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ

ایک مفاد پرست آدمی جو موقع دیکھتا ہے اور ایک کمزور پارٹی سے بڑی پارٹی میں چلا جاتا ہے، یعنی جدھر پاور ادھر لوٹا۔عمران خان کو انٹرویو کے دوران یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ایک تو اگر کوئی مضبوط پارٹی سے ہماری جماعت میں آتا ہے تو اس کو آپ لوٹا نہیں کہہ سکتے اور دوسرا یہ کہ اگر یہی اعتراض ہے کہ کسی نے پارٹی بدلی ہے تو وہ تو قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی پارٹی چینج کی تھی۔عمران خان کو دوران انٹرویو یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ جنہوں نے

ہم پر الزام لگایا نواز شریف وہ تو خود تحریک استقلال سے ن لیگ میں آئے، پارٹی بدلنا کوئی جرم نہیں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پارٹی سے انحراف کرنے والے ایم این ایز کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے انہیں لوٹا قرار دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں