لاہور(پی این آئی)سیاسی کیرئر کے آغاز پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے اپنی اپنی پارٹیوں میں شمولیت کی دعوت دی تھی، لیکن میرے ضمیر نے اجازت نہیں دی، وزیراعظم عمران خان کا انکشاف ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کرکٹ کا شوق تھا تاہم وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے، سیاسی کیریئر کے آغاز پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے شمولیت کی دعوت دی لیکن میں ان کی کرپشن سے واقف تھا اسی لیے الگ جماعت بنائی۔مجھے میرے ضمیر نے اِن کی پارٹیوں میں شمولیت کی اجازت نہیں دی۔ اسلام آباد میں کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے ملکی سیاسی نظام سے متعلق نہیں جانتا تھا صرف نصابی کتب میں پولیٹیکل سائنس پڑھی تھی، لوگوں کو سوئمنگ کرتا دیکھ کر سمندر میں چھلانگ لگائی اور سیاست بھی سوئمنگ کی طرح سیکھی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کرکٹ کا شوق تھا تاہم وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے، سیاسی کیرئیر کے آغاز میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے شمولیت کی دعوت دی تھی کیوں کہ دونوں جماعتوں میں دوست موجود تھے لیکن میں ان کی جماعتوں میں شامل نہیں ہوا، میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کے بارے میں جانتا تھا اس لئے اپنی الگ پارٹی بنائی اور دونوں جماعتوں کو کرپشن کو چیلنج کیا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں دو قسم کے کھلاڑی ہوتے ہیں ایک وہ جو اپنے لیے کھیلتے ہیں اور دوسرے وہ جو ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں، وہ کھلاڑی جو اپنے لیے کھیلتے تھے ان کی عزت نہیں ہوتی، عزت صرف ان کی ہوتی ہے جو ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ قرآن شریف میں لکھا ہے کہ عزت اللہ کی طرف سے اور یہ ہمارا ایمان ہے، بزرگان دین کو لاکھوں لوگ آج بھی سلام کرنے جاتے ہیں اس لیے کہ وہ انسانیت کی بہتری کے لیے سامنے آئے، اسی لیے اللہ نے انہیں عزت دی، اسی طرح کئی بادشاہ بھی گزرے جس طرح قائد اعظم کو قوم نے عزت دی کہ وہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے۔عمران خان نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ صرف سیاحت سے 80 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے جبکہ یہ ملک کے پی کے سے رقبے میں آدھا ہے لیکن ہم یہاں سے ایک ملین ڈالر بھی نہیں کمارہے، ہمیں اس طرف اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں