اسرائیل نے جنگ بندی کا جشن منانے والے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی

کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد مسجد اقصی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود مسجد اقصی پر دستی بموں سے حملے کرکے اپنی بدنیتی واضح کرچکا، نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد اقصی کے تقدس کو پامال کرکے اسرائیل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا، اسرائیل نے جنگ بندی کا جشن منانے والے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز نے پیش قدمی کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادیں، اقوام عالم نیتن یاہو سے جواب طلب کریں کہ اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید ہونے والے 66 بچوں اور 39 عورتوں کا کیا قصور تھا، حالیہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 243 فلسطینیوں کی شہادت اور دوہزار افراد کا زخمی ہونا انسانی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم پر اسرائیل کا قبضہ اقوام متحدہ کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا، مظلوم فلسطینیوں کی آواز بن کر شہید بے نظیر بھٹو نے جرات مندانہ کردار ادا کیا، پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح فلسطین کے مظلوم انسانوں کے ساتھ کھڑے ہوکر اپنے عہد کو نبھارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں