ایک کانعرہ تھا کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے، دوسرے کا نعرہ تھا کہ کھاتا ہے تو کھلاتا بھی ہے لیکن عمران خان نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے اور جو کھا چکے ہیں ان سے بھی حساب لیں گے

خپلو(این این آئی) وفاقی وزیر مواصلات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جان لیں پرچی پر صوبے نہیں بنتے،،چوروں نے جس طرح پاکستان کو لوٹا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں علاقے کے مسائل حل کریں گے، عمران خان نے

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے 100 فیصد مفت علاج کا اعلان کیا ہے،عوام کے تعاون سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی۔گلگت بلتستان کے علاقے خپلو میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے جس طرح پاکستان کو لوٹا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا اور بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان پر کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے اور سابق صدر آصف علی زرداری کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو کھلاتا بھی ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے اور جو کھا چکے ہیں ان سے بھی حساب لیں گے۔۔ بلاول بھٹو ہر جگہ پر پرچی لہرا رہے ہیں کہ اس میں لکھا ہے صوبہ بنائیں گے انہیں یہ معلوم ہو پرچی پر صوبے نہیں بنتے، جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اس وقت صوبہ کیوں نہیں بنایا ؟انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ کے علاقے تھر میں ہے۔ نواز شریف نے کہا مجھے کیوں نکالا تو انہیں بتا دیں کہ آپ نے چوری کی، ڈاکہ ڈالا اس لیے نکالا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے 100 فیصد مفت علاج کا اعلان کیا ہے اور اب عوام کے تعاون سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں جب بھی پارلیمنٹ میں تقریر کے لیے کھڑا ہوتا ہوں تو یہ غائب ہو جاتے ہیں، اگر آپ کے نمائندے کام نہیں کرتے تو سمجھو وہ لوٹ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح پر اسلام کا مقدمہ لڑا جس کے بعد ایک اسرائیلی این جی او نے عمران خان کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں