لاہور( پی این ائی )پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید جب آصف زرداری سے ملنے بلاول اور بختاور کو ساتھ لے کر جیل جایا کرتی تھیں توانہیں سخت گرمی میں اینٹوں پر بیٹھ کر ملاقات کے لیے انتظار کرایا جاتا تھا
اور یہ سب نواز شریف کے دور حکومت میں کیا گیا،ایک مرتبہ میں نے سپرنٹنڈنٹ پر غصہ کیا تو بی بی نے مجھے روکدیا اور کہا کہ آپ غصہ کرو گے تو یہ سمجھیں گے کہ ہم تکلیف میں ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کیپٹن (ر)صفدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس فعل سے مجھ سمیت بہت سے لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے، مزار کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔میرے خیال میں نہال ہاشمی انہیں روکنے کی کوشش کررہے تھے اور وہ پریشان تھے کہ یہ ہو کیا رہا ہے، جرم تو ہوا ہے قانون کو اپنا راستہ لینا چاہیے تھا۔ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ سندھ حکومت ایف آئی آر واپس لینے کا حق رکھتی ہے، کیپٹن (ر)صفدر کی ضمانت اسی روز نہ ہوتی تو چار دن بعد ہوجاتی اس پر کسی کو پریشان نہیں ہونا چاہیے لیکن مزار کے تقدس کی پامالی تو کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں