لاہور (پی این آئی) عالمی یونیورسٹیوں کی رینکنگ کے بین الاقوامی ادارے کیو ایس نے یونیورسٹیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ نئی رینکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے دو سالوں میں گیارہ فیصد بہتری حاصل کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیو ایس کی 2019 کے لئے جاری کی گئی رینکنگ
میں پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین 78.5 فیصد یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا تھا جبکہ 2021 کے لئے جاری کردہ رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین 67.5 فیصد یونیورسٹیوں میں شامل کر لیا گیا ہے جو کہ یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری کے اعتبار سے تیز تر اضافہ ہے۔ اس شاندار کامیابی پر پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ، ملازمین اور طلباء و طالبات نے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، چئیرمین یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور دیگر ٹیم ممبران کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری اور سیکرٹری جاوید سمیع نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں تیزی سے بہتری آنے کی بنیادی وجہ میرٹ اور ریسرچ کلچر کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ رینکنگ میں بھی پنجاب یونیورسٹی بہتر پوزیشن حاصل کر لے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں