پی ٹی آئی رہنما کا سندھ حکومت پر بڑھا چڑھا کراعدادوشمار دکھانے کا الزام

کراچی(پی این آئی)پی ٹی آئی رہنما کا سندھ حکومت پر بڑھا چڑھا کر اعدادوشمار دکھانے کا الزام،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر کورونا کے غلط اعداد و شمار بتانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صوبے میں کورونا وائرس کے اعداد وشمار بڑھا چڑھا کر

بیان کر رہی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اسپتال جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ وہاں کورونا وائرس سے کسی کی موت ہی نہیں ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں کاروباربند رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم کا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں، سندھ حکومت معیاری ضابطہ کار (ایس اوپیز) بنا کر فوری صوبے کی مارکیٹیں کھولنے کا بندوبست کرے۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ ابھی تک کاروبار کھولنے کے لیے معیاری ضابطہ کار تک نہیں بناسکے، وزیراعظم نے 28 ارب روپے سندھ کی عوام کو دیے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ صرف نوٹیفکیشن دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پنجاب ترقی کررہا ہے اور خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح کم ہوئی ہے جب کہ صوبہ سندھ پیچھے ہوتاجارہا ہے اور سندھ کا حال موئن جو دڑو جیسا کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سندھ میں آج تک صفائی کا نظام ٹھیک نہیں کرپائے،کاش پیپلزپارٹی سندھ کے اسکولوں اور اسپتالوں کو ٹھیک کردیتی۔خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 180 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں