پائلٹ کی ایک غلطی نے مسافروں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا

نیویارک(پی این آئی) 28دسمبر 1978ء کو امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ گرکر تباہ ہو گیا تھا۔

ڈیلی سٹار کے مطابق یہ پرواز یونائیٹڈ 173 تھی، جس کا لینڈنگ گیئر خراب ہونے کی وجہ سے پائلٹ فضاء میں چکر لگانے پر مجبور ہوا اور ایندھن ختم ہونے پر طیارے کے انجن بند ہو گئے اور طیارہ ایئرپورٹ سے 6میل کے فاصلے پر جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جہاز کے عملے کی طرف سے پائلٹ کو متنبہ کیا گیا تھا کہ طیارے کا ایندھن ختم ہو رہا ہے تاہم اس نے اس تنبیہ کو نظر انداز کیا۔ پائلٹ کو صورتحال کی سنگینی کا اس وقت ادراک ہوا جب پانی سر سے گزر گیا۔ طیارے کے انجن جب فیل ہوئے اور طیارے نے نیچے آنا شروع کیا تو پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے ’مے ڈے‘ کی کال دی۔

پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے اس آخری رابطے میں کہا کہ ’’پورٹ لینڈ ٹاور، یونائیٹڈ 173، مے ڈے۔ ہم سب۔۔۔ انجن بند ہو رہے ہیں۔ ہم نیچے گر رہے ہیں۔ ہم ایئرپورٹ تک نہیں پہنچ پائیں گے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں 10مسافر موت کے منہ میں چلے گئے جن میں ایک ہی خاندان کے 4افراد شامل تھے۔ ہلاک ہوے والوں میں فلائٹ انجینئرمینڈن ہال اور فلائٹ اٹینڈنٹ جان وہیلر بھی شامل تھے۔حادثے میں 23افراد شدید زخمی ہوئے۔

close