صدارتی الیکشن ہارنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے فوج کو کیا حکم دیا تھا؟ تہلکہ خیز انکشاف

واشنگٹن(پی این آئی) 2020ءکا صدارتی الیکشن ہارنے کے بعد ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے فوج کو ووٹنگ مشینیں قبضے میں لینے کا حکم دیئے جانے کا چشم کشا انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے اعلیٰ فوجی قیادت کو دیئے گئے ایک ایگزیکٹو آرڈر کا ڈرافٹ نیشنل آرکائیو کی طرف سے جاری کیا گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ اقتدار میں رہنے کے لیے ووٹرزکی مرضی کے خلاف کس حد تک جانے کو تیار تھے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ایگزیکٹو آرڈر 16دسمبر 2020ءکو تیار کیا گیا ، تاہم اس پر دستخط نہیں کیے گئے۔ تین صفحات پر مبنی اس ڈرافٹ میں لکھا گیا تھا کہ یہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ وزیردفاع تمام ووٹنگ مشینوں، انتخابی سازوسامان، الیکٹرانک طریقے سے جمع کی گئی تمام معلومات اور ریکارڈ کیے گئے ہر طرح کے مواد کو قبضے میں اس کا تجزیہ کریں۔ اس ڈرافٹ میں ووٹنگ مشینوں کی ہیکنگ سمیت کئی طرح کے سازشی نظریات کو دہرایا گیا تھا جو اس سے قبل ہی گردش کر رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق یہ ڈرافٹ بھی سینکڑوں دیگر دستاویزات کے ہمراہ امریکی ایوان نمائندگان کی اس کمیٹی کے حوالے کیا گیا ہے جو 2021ءمیں امریکی کانگریس کی عمارت پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ سابق صدر ڈونلڈٹرمپ نے ان دستاویزات کو تحقیقاتی کمیٹی کو دیئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دستاویزات تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

close