سردی کی شدت میں اضافہ، مزید بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

جدہ(پی این آئی) سعودی عرب میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش کے باعث درجہ حرارت بہت نیچے آ گیا ہے۔گزشتہ روز جدہ میں کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مکہ مکرمہ ریجن،مدینہ منورہ،

قصیم، جدہ اور شمالی ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ عسیر، جنوبی ریجن، طائف، اضم اور میسان میں بھی سارا دن مطلع ابر آلود رہنے کے بعد رات کو موسلادھار اور طوفانی بارش ہو سکتی ہے۔ تبوک ، ریاض اور شمالی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس سے ڈرائیورز کو حدِ نگاہ محدود ہونے سے خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آج صبح دمامِ ، القطیف، جبیل اور الخبر میں گہری دھند چھائی رہی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ ان بارشوں کے بعد سعودی عرب میں ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار سعودی عرب میں سردی کئی سال پُرانا ریکارڈ سکتا ہے۔سعودی عرب کے سردعلاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرم ملبوسات نکال لیں تاکہ سردی سے بچاؤ ہو سکے۔اگلے چند روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔

close