برطانیہ (پی این آئی) کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کر دیا ہے جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے بُرا یہ ہوسکتا ہے کہ ویکسین کبھی تیار نہ ہو۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری میں مزید ایک
سال سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے یا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ہم کبھی ویکسین نہ بناسکیں۔برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں سلسلہ وار نرمی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بورس جانسن نے ویکسین تیار نہ ہونے کے خطرے کا ذکر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسریی لہر کا خطرناک حد تک پھیلنے کا خدشہ ہے اور اس معاملے میں اب کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش موجود نہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے برطانیہ میں کورونا ویکسین پر ہونے والی تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور کورونا کے علاج کے لیے ایک سال سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔موجود حالات پر بات کرتے ہوئے بورس جانسن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ کو سب سے زیادہ خطرہ ہے، اس طرح کے حالات پہلے کبھی پیدا نہیں ہوئے، ہم سب کو مل کر اس وبا کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی ویکسین کی تیاری کے لیے برطانیہ نے اپنے پروگرام کو مزید آگے بڑھایا ہے۔خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 32 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے 43 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 2 لاکھ 91 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔برطانیہ سمیت دنیا بھر کے ممالک کورونا کی ویکسین کی تیاری کے لیے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں لیکن اس میں ابھی تک کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں آئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں