لاکھ کوششوں اور دعوئوں کے باوجود چین کورونا وائرس سے جان نہ چھڑا سکا، ووہان میں وبا نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا

ووہان (پی این آئی) چین میں 28اپریل کے بعد سے اب تک کے سب سے زیادہ کورونا کے 14نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وبا پر قابو پانے کے بعد کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے چینی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ چین میں نئے 14کیسز

سامنے آئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ 28اپریل کے بعد سے اب تک چین میں ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان مریضوں میں سے ایک مریض چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا ہے جہاں سے یہ وبا شروع ہوئی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووہان میں اپریل کے آغاز میں کورونا پر قابو پالیا گیا تھا اور 3اپریل سے شہر میں کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا تاہم اب ووہان میں 1ماہ بعد کورونا کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ووہان میں سامنے آنے والے مریض کے حوالے سے حکام نے بتایا ہے کہ اس شخص میں پہلے بھی کورونا کی علامات پائی گئی تھیں۔خیال رہے کہ کورونا کی وبا گزشتہ گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہوئی تھی اور پھر یہ پوری دنیا میں پھیل گئی اور ابھی تک اس پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے نہ ہی ابھی تک اسکی کوئی ویکسین بنائی جاسکی ہے۔ چین میں کورونا سے 82ہزار901افراد متاثر ہوئے جن میں سے 4ہزار633مریض ہلاک ہوگئے۔ اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ 1 ہزار 851 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 80 ہزار 443 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 23 لاکھ 79 ہزار 593مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 47 ہزار 683 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 لاکھ 41 ہزار 815 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی تاحال دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 80 ہزار 616 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 47 ہزار 154 ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close