محکمہ موسمیات نے تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشنگوئی کردی

اسلام آباد (پی این آئی) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور (گلشن راوی 71، پانی والا تالاب 49، لکشمی چوک 46، اپر مال 38، تاج پورہ 15، گلبرگ 9، فرخ آباد 6، اقبال ٹاؤن 5، قرطبہ چوک 4، سمن آباد اور سٹی 2)، اسلام آباد (سٹی 45، سید پور 36، گولڑہ 20)، راولپنڈی (شمس آباد 18، چکلالہ 8)، گجرات، نارووال 4، مری 3، سیالکوٹ ایئرپورٹ ایک، کاکول 9، میرکھانی، بالاکوٹ ایک اور راولاکوٹ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعرات کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق دالبندین 44، سبی، نوکنڈی اور دادو میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں