ایک اور طوفان نے بڑی تباہی مچا دی، ہلاکتیں اور بجلی منقطع ہو گئی، موسم مزید ٹھنڈا ہونے کی پیشنگوئی

لندن(پی این آئی)برطانیہ میں طوفان ’آرون‘ نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھےجبکہ ایک لاکھ سے زائد گھروں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے ،دوسری طرف میٹ آفس نے طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی برفباری کے نتیجے میں موسم مزید ’ٹھنڈا‘ ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق برطانیہ میں آنے والے حالیہ طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کے رہ گیا ہے۔

شمالی برطانیہ،ویلز اور سکاٹ لینڈ میں درخت گرنے اور شدید برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔100میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نےسردی کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ہے جبکہ برطانوی حکام نے طوفان کے پیش نظر کئی سڑکیں بند کردی ہیں۔دوسری طرف برطانوی پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی ہیں۔برطانیہ کے زیادہ ترعلاقوں کو برفانی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید دو ہفتوں کے لئے ایسے ہی ٹھنڈے ٹھار اور لہو جما دینے والے موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت مزید 10 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں