قومی ایئر لائن کو کم دورانیے میں خسارے سےکیسے نکالا جائے ؟ پلان تیار

اسلام آباد (پی این آئی)قومی ایئر لائن کو کم دورانیے میں خسارے سے نکالنے کیلئے تجاویز تیار کرلی گئیں۔

نگران وزیر نجکاری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوری طور پر 60 کروڑ ڈالر کی مالی مدد درکار ہے، جو پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے پر خرچ ہوگی۔نگران وزیر نجکاری فواد حسن فواد کی زیرصدارت اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے مقرر کردہ مالی مشیر ارنیسٹ اینڈ ینگ فرم نے بریفنگ دی، اجلاس کو پی آئی اے کیلئے انویسٹمنٹ روڈ میپ اور بزنس پلان سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کیلئے فوری طور پر 60 کروڑ ڈالر کی مالی مدد درکار ہے، رقم قومی ایئر لائن کو کم دورانیے میں خسارے سے نکالنے پر خرچ کی جائے گی، رقم کیپٹل، ایئرلائن فلیٹ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے استعمال کرنے کی تجویز ہے۔نگران وزیر نجکاری نے مجوزہ بزنس پلان پر مزید غور و خوض کی ہدایت کردی، بزنس پلان کو حتمی شکل دیکر منظوری کیلئے جلد وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔نگران وزیر نجکاری نے لیگل پلان اور ٹرانزیکشن اسٹرکچر بھی تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی، کابینہ کو بزنس پلان کے طریقۂ کار اور مجوزہ درکار فنڈز کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

close