ایران کا پاکستان کے ذریعے امریکا کو 14 نکاتی منصوبہ پیش، ڈونلڈ ٹرمپ کا رد عمل بھی سامنے آ گیا

ایران نے جنگ کے خاتمے کی امریکی تجویز پر 14 نکاتی جواب جمع کرا دیا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکا کو لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی تجاویز بھیج دی ہیں، ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکا کو 14 نکاتی تجاویز بھیجی ہیں۔

امریکا نے ابتدائی طور پر ایران کو 9 نکاتی تجاویز بھیجی تھیں، اور 2 ماہ کی ڈیڈ لائن کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز دی تھی، ایران نے اصرار کیا ہے کہ 30 دن کے اندر مسائل کو حل کیا جانا چاہیے، تجاویز میں تہران نے جنگ بندی میں توسیع کی بجائے جنگ کے خاتمے پر توجہ مرکوز کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق 14 نکاتی تجاویز میں عدم جارحیت کی ضمانتیں، امریکی افواج کا انخلا شامل ہے، بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی، پابندیوں کا خاتمہ، اور لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ بھی ایرانی نکات میں شامل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اپنی تجاویز پر امریکا کے جواب کا انتظار کر رہا ہے، جب کہ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ جلد ہی ایران کے بھیجے گئے منصوبے کا جائزہ لیں گے، اور یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ایران کا منصوبہ قابل قبول ہوگا۔

اس بیان کے ذریعے امریکی صدر نے پہلے ہی عندیہ دے دیا ہے کہ وہ ایرانی تجاویز کو اتنی آسانی سے قبول کرنے والے نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close